جموں و کشمیر : پی ڈی پی ، بی جے پی سے تشکیل

حکومت کیلئے کانگریس لیڈر کی اپیل
جموں ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے بارے میں تعطل سولہویں دن میں داخل ہوچکا ہے، پردیش کانگریس نے آج پی ڈی پی اور بی جے پی سے ’’پس و پیش‘‘ ختم کرتے ہوئے اتحاد بنانے کی اپیل کی تاکہ اس ریاست کو آگے بڑھانے کیلئے عوامی حکومت فراہم کی جاسکے۔ سابق ریاستی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر شام لال شرما نے کہا کہ وہ جنہیں ریاست کی عوام نے خط اعتماد دیا ہے ، انہیں حکومت تشکیل دینا چاہئے۔ پی ڈی پی اور بی جے پی کو اگر خط اعتماد ملا ہے تو انہیں پس و پیش ختم کرتے ہوئے عوامی حکومت کی فراہمی کیلئے اپنے جمہوری فرائم انجام دینا چاہئے۔

مرکزی وزیر جموں و کشمیر میں گورنر راج پر تبصرہ سے گریزاں
جموں ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پی ایم او کے مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے آج رات جموں و کشمیر میں صدر راج کے امکان سے متعلق ایک سوال کا راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے خیال میں گورنر اس کا جواب دے سکتے ہیں‘‘۔ جتیندر نے یہاں میڈیا والوں سے بات چیت میں کہا: ’’میں (اس ریاست میں گورنر راج کے نفاذ کے تعلق سے) کچھ نہیں جانتا ہوں ۔ میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے ۔ میرے خیال میں گورنر اس کا جواب دے سکتے ہیں‘‘۔ ریاست میں بی جے پی کی جانب سے مخلوط حکومت کی تشکیل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے اس تعلق سے بھی نہیں معلوم ۔ اس کا فیصلہ کرنا پارٹی قیادت کا کام ہے۔