نئی دہلی 21 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ٹی وی نیوز چینل کے اوپینین پول کے مطابق جموں و کشمیر اسمبلی میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت ملنے کا امکان نہیں ہے جبکہ دوسرے دو سرویز میں یہ ادعا کیا گیا ہے کہ بی جے پی کو جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کامیابی مل سکتی ہے ۔ہندی چینل نیوز نیشن انڈیا کے ایک اوپینین پول کے بموجب جموںو کشمیر کے اسمبلی انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت ملنے کی امید نہیں ہے ۔ چینل کے سروے میں کہا گیا ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی ) کو جموں و کشمیر میں واحد بڑی جماعت کا موقف مل سکتا ہے اور اسے 31 – 36 نشستیں مل سکتی ہیں جبکہ بی جے پی کو 23 – 28 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ ریاست میں اسمبلی نشستوں کی تعداد 87 ہے ۔ سروے کے بموجب انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو 7 – 11 نشستیں مل سکتی ہیں جبکہ کانگریس کو 8 – 12 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اسی چینل کے اوپینین پول کے بموجب جھارکھنڈ میں بی جے پی کو اکثریت مل سکتی ہے ۔ جھارکھنڈ اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 81 ہے اور بی جے پی کو 42 – 46 نشستیں مل سکتی ہیں جبکہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کو یہاں 14 – 18 نشستیں مل سکتی ہیں۔ اے بی پی نیوز ۔ نیلسن کے سروے کے بموجب بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں ایل جے پی اور اے جے ایس یو کو امکان ہے کہ جھارکھنڈ میں 37 نشستیں مل سکتی ہیں ۔ یہ تعداد سادہ اکثریت سے کم ہوگی ۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کو جھارکھنڈ میں اپنے طور پر 30 نشستیں مل سکتی ہیں جبکہ کانگریس ‘ آر جے ڈی اور جنتادل یو کو مشترکہ طور پر 23 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اے بی پی نیوز ۔ نیلسن کے اوپینین پول کے بموجب 80 فیصد جواب دہندگان نے وزیر اعظز نریندر مودی کی کارکردگی کو بہت اچھی یا اچھی قرار دیا ہے ۔