جموں و کشمیر میں کانگریس ایک منقسمہ گھر : بی جے پی

جموں 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج پردیش کانگریس کو ایک منقسمہ گھر سے تعبیر کیا ہے اور کہاکہ وہ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی کے دورہ کے موقع پر ایک بڑی ریالی منعقد کرنے سے قاصر رہی۔ بی جے پی ترجمان سنیل سیٹھی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ریاست میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت تشکیل دیئے جانے کے بعد پاکستانی اور آئی ایس آئی کے پرچم لہرانے کے واقعات کے بارے میں دریافت کرنے پر انھوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں پرامن حالات کو بگاڑنے کو گھناؤنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔ تاہم جو لوگ اس طرح کے پرچم لہرانے کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ حکومت ان عناصر کے ساتھ نرم رویہ اختیار کررہی ہے۔ جموں کیلئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کی منظوری کے مسئلہ پر انھوں نے کہاکہ ریاست کے لئے مرکز نے 2 میڈیکل انسٹی ٹیوٹس منظور کئے ہیں اور جموں میں قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔