جموں و کشمیر میں کانگریس امیدواروں کا عنقریب اعلان

جموں۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے اعلامیہ کے ساتھ ہی کانگریس نے آج کہا ہے کہ وہ امیدواروں کو عنقریب قطعیت دے گی۔ پردیش کانگریس کمیٹی صدر پروفیسر سیف الدین سوز نے بتایا کہ اندرون چند یوم امیدواروں کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے اعلامیہ کل جاری کیا جائے گا جس کے ساتھ ہی سیاسی ہلچل شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم امیدواروں کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں، تاہم انہوں نے کانگریس کے کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کے بارے میں تبصرہ سے انکار کیا۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو سیلاب سے متاثرہ جموں و کشمیر میں 23 نومبر اور 20 ڈسمبر کے مابین پانچ مراحل میں انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ حکمراں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جاریہ سال لوک سبھا انتخابات میں متحدہ طور پر مقابلہ کیا تھا اور تمام 6 نشستوں پر اسے شکست ہوئی تھی۔ بی جے پی نے جموں، ادھم پور اور لداخ پر قبضہ کیا جبکہ پی ڈی پی کو سری نگر، اننت ناگ اور بارہمولہ لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔