جموں ۔8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کیلئے اگرچہ پی ڈی پی کے ساتھ ہیئت ترکیبی کے مذاکرات جاری ہی ہیں کہ بی جے پی نے آج واضح کردیا کہ مفاہمت کے ایجنڈہ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے چند اہم مسائل کو ترک کرنے کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ بی جے پی نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے منگل کو آنے والے نتائج جموں و کشمیر میں حکومت سازی پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ بی جے پی نے کہا کہ پی ڈی پی کے ساتھ یہ ایجنڈہ پر مبنی مفاہمت ہوگی لیکن بعض ایسے مسائل بھی ہیں جن پر دونوں جماعتوں کے مابین ہنوز اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا ہے۔ جموں و کشمیر میں بی جے پی یونٹ کے صدر اور جموں کے رکن لوک سبھا جگل کشور شرما نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’ہیئت ترکیبی کے مذاکرات کا عمل بدستور جاری ہے، لیکن یہ کہنا دشوار ہے کہ ہم (بی جے پی۔ پی ڈی پی) کس وقت ان مسائل کے بارے میں اتفاق رائے پیدا کرسکیں گے‘‘۔ دونوں جماعتوں کے درمیان نظریاتی اختلافات کے مسئلہ پر شرما نے کہا کہ ’’بی جے پی نے تاحال کسی خفیہ انداز میں اپنا ایجنڈہ پیش نہیں کیا ہے اور ہم پی ڈی پی کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے کیلئے بی جے پی کے پاس اکثریت نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہنوز مذاکرات میں مصروف ہے۔ شرما نے کہا کہ ’’ہم اس بات پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کہ کونسے مسائل پر اتفاق رائے پیدا ہوا ہے اور کونسے مسائل ہیں جنہیں ترک کردیا گیا ہے۔