جموں۔22فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں بی جے پی ۔پی ڈی پی مخلوط حکومت کے قیام کا آئندہ ہفتہ اعلان کیا جائے گا کیونکہ دونوں پارٹیوں نے افسپا اور دفعہ 370جیسے متنازعہ مسائل پر اختلافات دور کرلئے ہیں ۔ اب مشترکہ اقل ترین پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ ریاست کے سینئر بی جے پی لیڈر نرمل سنگھ نے کہا کہ تشکیل حکومت کا اعلان اب ایک رسمی کارروائی ہے ‘ کیونکہ ان دو مسائل پر مذاکرات ہوچکے ہیں ۔ نرمل سنگھ کو ریاست کا ڈپٹی چیف منسٹر بنائے جانے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اقل ترین پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے اور حکومت تشکیل دینے سے قبل اسے عوام کے سامنے لایا جائے گا ۔جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا بی جے پی نے افسپا کی تنسیخ کے سلسلہ میں اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے تو انہوں نے کہا ہے کہ ایسا کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔