جموں و کشمیر میں مستحکم حکومت سجاد لون کی ترجیح

سرینگر ۔30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پیپلز کانفرنس کے لیڈر سجاد غنی لون نے جموں و کشمیر میں مستحکم مخلوط حکومت کیلئے اپنی تائید و حمایت کا اظہار کیا لیکن بی جے پی کی طرف مثبت میلان کا اشارہ دیتے ہوئے بیان کیا کہ مرکز میں برسراقتدار کوئی بھی پارٹی ترقیاتی عمل کو تیز کرنے میں معاون ہوگی ۔ سجاد نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ : ’’ہم اس ریاست میں کوئی مستحکم حکومت کی تائید کیلئے کھلا ذہن رکھتے ہیں ۔ آنے والے دنوں میں چاہے کوئی مخلوط اُبھر آئے ، حکومت کے مستقبل کے ساتھ کوئی غیریقینی کیفیت نہیں ہونا چاہئے ‘‘۔ سابق علحدگی پسند لیڈر جنھوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں دو اسمبلی نشستوں ہندواڑہ اور کپواڑہ سے جیت حاصل کی ، انھوں نے کہاکہ ناپائیدار حکومت ترقیاتی محاذ پر کوئی کام نہیں کرسکتی ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا کوئی اتحاد جس میں بی جے پی شامل ہو ، اس ریاست کیلئے فائدہ بخش رہے گا ۔