پڈوچیری۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر پڈوچیری این رنگا سامی نے آج اسمبلی میں اپنی حکومت کی طرف سے سیلاب سے تباہ حال جموں و کشمیر کو راحت کاری کاموں کیلئے ایک کروڑ روپئے کی اعانت بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اعلان ایوان میں وقفہ صفر کے بعد از خود کرتے ہوئے برسر اقتدار اور اپوزیشن ارکان کی اپیلوں کا ذکر کیا کہ پڈوچیری کو ان راحت کاری کاموں کیلئے دست تعاون دراز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پڈوچیری حکومت ایک کروڑ روپئے کا تعاون بطور اعانت فلڈ ریلیف فنڈ میں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریاستی حکومت کے ملازمین بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں تو وہ ایک دن کی تنخواہ جموں و کشمیر میں راحت اور باز آبادکاری کے کاموں کیلئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ کو عطیہ دے سکتے ہیں۔ نامزد لیجسلیٹر وی بھالند نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ پڈوچیری کا اس ریلیف فنڈ کیلئے عطیہ کا اعلان کرے کیونکہ جموں و کشمیر کی صورتحال دلسوز ہے۔