جموں و کشمیر میں دوسرے مرحلہ کی انتخابی مہم کا اختتام

جموں۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں رائے دہندوں کی ریکارڈ تعداد حاضر ہونے کے بعد اعلیٰ سطحی دھماکو انتخابی مہم کا دوسرا مرحلہ آج اختتام پذیر ہوگیا جب کہ 2 دسمبر کو جموں کی 9 اور کشمیر کی 9 نشستوں کے لئے رائے دہی منعقد کی جائے گی۔ کئی اعلیٰ سطحی امیدوار بشمول سابق علیحدگی پسند سجاد لون اور چار ریاستی وزراء انتخابی میدان میں ہیں۔ انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی تھی جب کہ پہلے مرحلہ میں 15 نشستوں کے لئے 71.28 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس دوران تین عسکریت پسند حملوں کے پیش نظر بشمول ارنیا حملہ جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے، حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ 18 نشستوں کے لئے رائے دہی مقرر ہے جن میں سے فی الحال 6 نشستوں پر نیشنل کانفرنس، 3 پر کانگریس، 4 پی ڈی پی، 2 پر جے کے این پی پی، ایک پر بی جے پی، ایک پر سی پی آئی ایم اور ایک پر آزاد رکن کا قبضہ ہے۔