سرینگر 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس میں آج کہا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ جموں و کشمیر میں نئی حکومت تشکیل دینے کیلئے کوئی اتحاد نہیں کرے گی۔ پارٹی کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو تائید کی پیشکش کا اعادہ کیا گیا۔ نیشنل کانفرنس کے قائد محمد اطہر لونگ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی قیمت پر بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے ۔ قبل ازیں انہوں نے پارٹی کے گروپ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانے تیار ہیں بشرطیکہ علاقائی پارٹی ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں بات کرے ۔ اگر پی ڈی پی علاقائی اُمنگوں کی بات کرتی ہے تو وہ ایک علاقائی پارٹی ہے ۔ بنیادی طور پر ہمیں ایسے لوگوں کے ساتھ اتحاد کی ضرورت ہے جو جموں و کشمیر کے عوام کا اتحاد چاہتے ہوں ۔ ہم ان کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کے مسئلہ پر جن میں مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو رہائش کے حقوق دیئے گئے ہیں نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ان کی پارٹی مرکزی حکومت کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کا آغاز کرے گی۔ نیشنل کانفرنس کے کار گذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے مرکزی گروپ کا اپنی رہائش گاہ پر ایک اجلاس طلب کیا تھا تا کہ پارٹی کے ارکان سے ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلے خیال کیا جاسکے ۔ اجلاس کی صدرات عمر عبداللہ نے کی اور اس میں سینئر قائدین بشمول پارٹی کے معتمد عمومی علی محمد محمد ساگر اور پارٹی کے ترجمان جنید ملو نے شرکت کی ۔ جنید نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے مختلف پہلوووں پر اجلاس میں تبادلے خیال کیا گیا ۔ علاوہ ازیں اجلاس کے دوران سینئر پارٹی قائدین نے پُر زور انداز میں کہا کہ عوام کی خدمت قائدین کا واحد مقصد ہونا چاہئے اور انہیں عوامی مسائل کی بروقت یکسوئی کرنی چاہئے ۔ پارٹی کا اجلاس ریاست میں گورنر راج کے نفاذ کے تین دن بعد منعقد کیا گیا ہے ۔ جبکہ 7 جنوری کو چیف منسٹر عمر عبداللہ نے ذمہ داریوں سے سبکدوشی کی خواہش کی تھی۔