نئی دہلی ۔ 25 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی نے آج ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت پر اس کی قیادت نے نیشنل کانفرنس سے مشاورت کی ہے ۔ بی جے پی جنرل سکریٹری رام مادھو نے اپنے ٹوئیٹر پر ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ سبکدوش چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کل شب پارٹی صدر امیت شاہ سے ملاقات کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عمر عبداللہ نے دہلی میں شب بسری کے بعد کل سرینگر واپس ہوئے وہ یہاں لندن روانگی کی تیاریوں کے لیے آئے تھے ۔ جہاں پر ان کے والد فاروق عبداللہ گردہ کی تبدیلی کے بعد ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور یہ گردہ ان کی والدہ نے عطیہ دیا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ مشاورت کو قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور بتایا کہ جموں و کشمیر میں معلق اسمبلی وجود میں آنے کے سبب انہوں نے اپنی حریف پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی کو تائید کی پیشکش کی ہے ۔ جس کے باعث بی جے پی کی حمایت کا سوال نہیں پیدا ہوتا ۔ واضح رہے کہ 78 رکنی اسمبلی میں پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی 28 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے ۔ جب کہ بی جے پی کو 25 اور نیشنل کانفرنس کو 15 اور کانگریس کو 12 نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔