نئی دہلی۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام )بی جی پی نے آج جموں و کشمیر میں 7فبروری کو منعقد ہونے والے راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے 2امیدواروں شمشیر سنگھ سنہاس اور چندرا موہن شرما کونامزد کیا ہے جہاں پر آئندہ ماہ 4نشستیں خالی ہونے والی ہیں۔ ریاست میں تشکیل حکومت پر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ سے مذاکرات جاری رہنے کے باوجود بی جے پی نے اپنے دو امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ یہ انتخابات کانگریس قائدین غلام نبی آزاد اور سیف الدین سوز کی میعاد 10فبروری اور نیشنل کانفرنس قائدین جی این رتناپوری اور محمد شفیع کی میعاد 15فبروری کو اختتام پذیر ہونے کے پیش نظر ضروری ہوگئے ہیں۔ایوان بالا کی 4نشستوں کیلئے 7فبروری کو رائے دہی ہوگی۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ کل ہے جبکہ 87 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی میں بی جے پی کے 25اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے 25ارکان اسمبلی ہیں۔