سرینگر ۔ 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فوج نے آج کہا ہیکہ وہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے محفوظ اور پرامن حالات یقینی بنانے کیلئے تیار ہے۔ الیکشن کمیشن انتخابات کی تواریخ کا جو بھی فیصلہ کرے اس کیلئے فوج پوری طرح تیار رہے گی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ آف دی آرمی 15 کور لیفٹننٹ جنرل سبرتا سہا نے کہا کہ سیکوریٹی نقطہ نظر سے ہم جموں وکشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے محفوظ اور پرامن ماحول یقینی بنانے کیلئے تیار ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا ہیکہ کیا سیلاب سے متاثرہ ریاست میں انتخابات کا انعقاد درست ہوگا، انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وادی میں لائن آف کنٹرول سے مداخلت کاری میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ سیلاب کے باوجود مداخلت کاری کی کوششیں اگست میں جیسی کی گئی تھی اس بار بھی ویسی ہی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فوج مداخلت کاری کے محاذ پر کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔