نئی دہلی 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے مزید پانچ امیدواروں جن میں چار مسلمان ہیں، کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ آج ہی پارٹی نے امیدواروں کی تیسری فہرست بھی جاری کی ۔ جموں و کشمیر کی 87 نشستی ریاستی اسمبلی کیلئے بی جے پی نے اب تک 72 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جن میں 20 مسلمان ہیں۔ عبدالرحمان لون کپواڑہ سے، عبدالرشید زرگر لولاب سے ، ایم ایم وار لان گیٹ سے اور غلام حسن زرگر کلگام نشستوں سے مقابلہ کریں گے جبکہ بلاور اسمبلی حلقہ سے نرمل سنگھ کو پارٹی امیدوار منتخب کیا گیا ہے ۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کو توقع ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں بھی اس کی کارکردگی بہتر ہوگا ۔ جموں و کشمیر کیلئے پارٹی نے ایک نئی حکمت عملی پر بھی کام کرنا شروع کیا ہے اور وہ دیگر چھوٹی پارٹیوں کے تعاون سے کام کررہی ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پارٹی جموں و کشمیر کے بعض معتل علحدگی پسند قائدین کے ساتھ کام کرتے ہوئے مابعد انتخابات ان کے ساتھ سیاسی اتحاد بھی کرسکتی ہے۔ ریاست جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا آغاز 25 نومبر ہوگا جو پانچ مراحل میں 20 ڈسمبر کو مکمل ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان 23 ڈسمبر کو ہوگا۔