جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ کے انتخابی نتائج کا آج اعلان

صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی ، اندرون ایک گھنٹہ رجحان متوقع ، سخت سکیورٹی انتظامات
سرینگر ؍ رانچی ۔ 22 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ میں کل ووٹوں کی گنتی ہوگی اور عوام کی نظریں ان دو ریاستوں پر مرکوز ہیں جہاں اسمبلی انتخابات کیلئے ہمہ رخی مقابلہ ہوا اور ریکارڈ رائے دہی درج کی گئی ۔ ان دو ریاستوں میں تقریباً ایک ماہ کے دوران پانچ مراحل میں رائے دہی ہوئی اور مجموعی طورپر 66 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ حکام نے عسکریت پسندوں یا ماؤسٹوں کی انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے مقصد سے سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے تھے ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے آج بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کل صبح 8 بجے شروع ہوگی اور توقع ہے کہ اندرون ایک گھنٹہ ابتدائی رجحان کا پتہ چل جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے تمام مراکز پر سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جموںو کشمیر میں 87 نشستوں کیلئے رائے دہی ہوئی اور یہاں علحدگی پسندوں و عسکریت پسندوں کے بائیکاٹ کی اپیل کے باوجود 1987 کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ عسکریت پسندی سے متاثرہ اس ریاست میں 4 رخی مقابلہ ہے ۔ حکمراں نیشنل کانفرنس ، اصل اپوزیشن پی ڈی پی کے علاوہ بی جے پی اور کانگریس میں رسہ کشی دیکھی گئی ۔ کانگریس نے انتخابات سے عین قبل حلیف نیشنل کانفرنس سے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کا اقتدار برقرار رکھنے کے مقصد سے انتخابی مہم کی قیادت کی جبکہ پی ڈی پی کے چیف منسٹر امیدوار مفتی محمد سعید نے اپوزیشن جماعت کی قیادت کی اور ان دونوں کے بشمول 821 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا کل فیصلہ ہوگا ۔