سرینگر؍ رانچی۔ 23نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں 15 اور جھارکھنڈ میں ماؤسٹ سے متاثرہ 13 اسمبلی حلقوں میں منگل کو رائے دہی مقرر ہے اور پہلے مرحلے کی انتخابی مہم آج اختتام کو پہونچی ۔بی جے پی کو اُمید ہے کہ وہ مودی لہر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔ جموں و کشمیر میں جہاں پانچ مراحل میں رائے دہی ہوگی ، پہلے مرحلے میں 123 امیدوار میدان میں ہیں۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ حکمراں نیشنل کانفرنس کی قیادت کررہے ہیں اور ان کا مقابلہ اپوزیشن پی ڈی پی و بی جے پی کے علاوہ کانگریس سے ہے جس نے انتخابات سے عین قبل اپنے روابط حکمراں جماعت سے منقطع کرلئے ہیں۔ جھارکھنڈ کی 81 رکنی اسمبلی میں جہاں پہلے مرحلے کی رائے دہی منگل کو ہوگی ، اس میں 199 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔حکمراں جے ایم ایم ، کانگریس ۔ آر جے ڈی اتحاد کا اپوزیشن جماعتوں سے مقابلہ ہوگا۔