جموں و کشمیر انتخابات کا الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا

دہلی میں تشکیل حکومت کے معاملہ میں لیفٹننٹ گورنر کا اہم رول : راجناتھ سنگھ
نئی دہلی ۔ 8ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا ہیکہ سیلاب سے متاثرہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا اور وہی مجاز اتھاریٹی ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہیکہ ہمیں قدرتی آفات اور سانحہ کو انتخابات یا سیاست سے مربوط نہیں کرنا چاہئے۔ جب ان سے سیلاب کے پیش نظر مجوزہ اسمبلی انتخابات پر امکانی اثرات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کوئی فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہوگا اور وہی اس فیصلہ کا مجاز ہے۔ جموں و کشمیر میں جاریہ سال کے اواخر میں انتخابات منعقد شدنی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا ہیکہ وہ فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے کیونکہ پہلے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اس کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اس بارے میں فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ ریاست میں سیکوریٹی فورسیس اور انفراسٹرکچر کی صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فوج، بی ایس ایف یا کسی اور فورس کی سرحدی چوکیوں کو نقصان نہیں ہوا۔ اب تک ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سرحد پر فوجی عملہ محفوظ ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری فوج اور پیرا ملٹری فورسیس عوام کو بچانے کی کوشش کررہی ہیں جس کی وہ ستائش کرتے ہیں۔ دہلی میں تشکیل حکومت کے تعلق سے پوچھے جانے پر وزیرداخلہ نے کہا کہ صدرجمہوریہ نے اب تک اس سلسلہ میں مشورہ طلب نہیں کیا ہے۔ یہ مسئلہ لیفٹننٹ گورنر دہلی کے دائرہ اختیار میں ہے اور ان ہی سے اس بارے میں پوچھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملہ میں لیفٹننٹ گورنر کا اہم رول ہے۔ صدرجمہوریہ نے ہم سے مشورہ طلب نہیں کیا ہے۔