جموں و کشمیر اسمبلی میں نیشنل کانفرنس رکن کے ریمارک پر ہنگامہ

جموں 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر اسمبلی میں آج حکمراں بی جے پی اور پی ڈی پی ارکان کی جانب سے نیشنل کانفرنس کے رکن جاوید رانا پر تنقید کئے جانے کے بعد زبردست ہنگامہ ہوا۔ جاوید رانا نے اسپیکر کو ویندر گپتا پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ان کے خلاف جانبدارانہ کارروائی کررہے ہیں۔ انھوں نے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ گڑبڑ اس وقت شروع ہوئی جب ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ بی جے پی اور پی ڈی پی کے ارکان نے کل شام نیشنل کانفرنس کے لیڈر جاوید رانا کی جانب سے اسپیکر کے خلاف کئے گئے تبصرہ پر احتجاج کیا۔ اسپیکر نے رانا کو بجٹ پر مباحث میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی تھی۔ اس پر رانا نے اسپیکر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ان کے ساتھ جانبدارانہ کارروائی کررہے ہیں۔ کل شام اُنھوں نے کہا تھا کہ اسپیکر نے مجھے بولنے کا موقع نہیں دیا۔ میری توہین کی گئی۔ اسپیکر نے کہا تھا کہ وہ بحث کے لئے تمام پارٹیوں کو وقت دیں گے اور انھیں اپنی پارٹی لیڈر سے بات کرنی چاہئے۔ جاوید رانا کے ریمارکس پر آج شدید احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی اور پی ڈی پی نے رانا پر الزام عائد کیا کہ وہ اسمبلی میں کرسی صدارت کی توہین کررہے ہیں۔