جموں وکشمیر: بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کیلئے سیکورٹی فورسز کی 400 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی

سری نگر ۔ 25 ۔ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ ریاست میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی 400 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان انتخابات کے حوالے سے ریاستی عوام میں کافی جوش وخروش پایا جارہا ہے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ انتخابی ڈیوتی پر تعینات کئے جانے والے سرکاری ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران امیدواروں کے ساتھ ساتھ انتخابی عملے کو بھی معقول سیکورٹی کور فراہم کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری سبھرامنیم نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انتخابات لڑنے والے امیدواروں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کسی بھی طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔ ریاست میں بلدیاتی انتخابات ستمبر اکتوبر جبکہ پنچایتی انتخابات اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں کرائے جارہے ہیں۔ سبھرامنیم نے انتخابات کے لئے تعینات کئے جانے والے سیکورٹی فورس کمپنیوں کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے کہا ‘ان انتخابات کے لئے سیکورٹی فورسز کی 400 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ یہ یہاں پہلے سے موجود ریاستی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اضافی ہے ۔ یہ تعداد انتخابات کرانے کے لئے کافی ہے ۔