جموں سے اگلاچیف منسٹر بی جے پی کا ہوگا

جموں۔ 29مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر جموں و کشمیر بی جے پی یونٹ کے رویندر رینا نے کہا کہ پارٹی آئندہ اسمبلی انتخاب میں 44 سے زیادہ نشستیں جیتے گی اور اگلا وزیر اعلی جموں علاقہ سے ہوگا ۔ مرکز کی مودی حکومت کے چار سال پورا ہونے پر کل جموں کی بی جے پی یونٹ کے ذریعہ منعقدہ پروگرام میں رینا نے کہا ‘بی جے پی 2020 کے اسمبلی انتخاب میں 44 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی اور اگلا وزیر اعلی جموں سے ہوگا ‘۔ رینا نے پارٹی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کہا ‘ پنڈت پریم ناتھ ڈوگرا بھون ایک مقدس جگہ ہے اور انہوں نے جموں و کشمیر کے ہندوستان میں شامل کئے جانے کیلئے ڈاکٹر شیام پرساد مکھرجی کیساتھ مل کر جدو جہدکی تھی ‘۔ رینا نے پارٹی کارکنان کو اعتماد دلایا کہ وہ آخردم تک بی جے پی کا جھنڈا تھامے رہیں گے ۔ پارٹی کارکنان سے آئندہ پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کرنے کی اپیل کی۔