جموںو کشمیر میں بی جے پی کے پاس ’ ویٹو ‘ کا اختیار

جموں 25 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے تعلق سے اس کے پاس کئی امکانات موجود ہیں اور ریاست میں اسے ویٹو کا حق حاصل ہے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جو جموں و کشمیر کیلئے پارٹی کے مرکزی مبصر تھے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست میں آزاد اور غیر مربوط ارکان اسمبلی سے رابطے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوئی بھی حکومت قائم کرے بی جے پی کا وہاں اہم رول ہوگا ۔ جیٹلی نے کہا کہ بی جے پی کو اب ریاست میں ویٹو کا حق حاصل تھا ۔ اس سے قبل ویٹو کا حق کانگریس کے پاس تھا اور اب یہ اختیار بی جے پی کے ہاتھ میں آگیا ہے ۔

جموں میں بی جے پی کے نو منتخب ارکان اسمبلی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس یں جیٹلی نے کہا کہ پارٹی ارکان اسمبلی نے پارٹی صدر امیت شاہ کو حکومت سازی پر مستقبل کا لائحہ عمل اختیار کرنے کا اختیار سونپ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے تمام امکانات برقرار ہیں۔ پارٹی کے نو منتخب ارکان اسمبلی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی صدر امیت شاہ جو کچھ بھی فیصلہ کرینگے وہ اس کی پابندی کرینگے ۔ امیت شاہ پارٹی کے حق میں جو بہتر ہوگا وہ فیصلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت یہ فیصلہ کریگی کہ اسے اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنا ہے یا پھر کس طرح سے حکومت تشکیل دی جساکتی ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا پارٹی نیشنل کانفرنس کے ساتھ رہے گی یا پی ڈی پی کے ساتھ جیٹلی نے کہا کہ ہم تین اصولوں کو بنیاد بناکر کام کرینگے ایک قومی سالمیت کو مستحکم کرنا ‘ دوسرا جموں علاقہ کی ترقی اور تیسرا علاقائی توازن کی برقراری ہے ۔ اس پر کسی سے بھی اتحاد ہوسکتا ہے