ٹاہ۔9اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) آبرن یونیورسٹی میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک خاتون جمناسٹ پیچیدہ اور مشکل کرتب دکھاتے ہوئے جیسے ہی چٹائی پر اتریں غلط انداز سے ان کی دونوں ٹانگوں پر غیرمعمولی بوجھ پڑا اور ان کی نچلی ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹ کر الٹی جانب مڑگئیں۔ سمانتھا سیریو امریکہ میں جامعات کے مابین جاری کھیلوں کے مقابلوں بیٹن روگ ریجنل مقابلوں میں شریک تھیں۔ سمانتھا اپنے گروہ کی سب سے تجربہ کار جمناسٹ ہیں اور انہوں نے ہیڈ اسپرنگ ڈبل فرنٹ کرتب کا انتخاب کیا لیکن نہایت غلط انداز سے گرتے ہوئے ان کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں جس کے بعد وہ شدید تکلیف سے چیخنے لگیں۔ موقع پر موجود ڈاکٹر پہلے اسے ٹخنے کی موچ سمجھے لیکن اس کے بعد معلوم ہوا کہ سمانتھا کی دونوں ٹانگوں کے گھٹنے اپنی جگہ سے ہٹ چکے ہیں اور اس کی نچلی ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔ جمنازیم میں موجود کئی افراد اس منظر کو دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئے۔ جب سمانتھا کو اسٹریچر پر ہسپتال لے جایا گیا تو شرکا نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق سمانتھا کی مکمل صحت یابی میں بہت وقت لگ سکتا ہے اور انہیں اس دوران خصوصی احتیاط بھی برتنی ہوگا۔