جمعیتہ علماء کی جانب سے کریم نگر کے سرکاری دواخانے میں پھلوں اور دودھ کی تقسیم

کریم نگر /29 مارچ ( ذریعہ فیاکس ) کریم نگر کے سرکاری دواخانے کے پی آر او جناب محمد ریاض صاحب کی زیر نگرانی میں جمعیتہ علماء کریم نگر کی جانب سے بروز اتوار 27 مارچ صبح 9 بجے کریم نگر کے سرکاری دواخانے میں موجود مریضوں میں پھلوں اور دودھ کی تقسیم کی گئی ۔ جمعیتہ علماء کریم نگر سکریٹری حافظ عبدالمجید اشتیاق کی اطلاع کے بموجب کریم نگر کے سرکاری دواخانے میں زیر علاج مریضوں میں تنظیم کے ذمہ داروں نے پھلوں اور دودھ کی تقسیم کی ۔ اس موقع پر جمعیتہ علماء کے ذمہ داروں نے کہا کہ بلالحاظ مذہب و ملت آپسی بھائی چارگی اور انسانیت کا جذبہ سرشار ہو جس سے انسانی دوستی اور ہمدردی کے جذبہ کا اظہار ہو ۔ علاوہ ازیں دواخانہ میں زیر علاج مریضوں کی عبادات کرتے ہوئے حسین سلوک اور ملنساری کا جذبہ پیدا ہو اور ساتھ ہی ساتھ اسلام اور مسلمانوں سے متعلق ایک اچھا پیغام عوام تک پہونچے اور کہا کہ ایسے پروگرام سلسلہ وار ہر ہفتہ کرنے کا ارادہ ظاہر کئے ۔ اس موقع پر جمعیتہ علماء کریم نگر کے ذمہ داران حافظ عبدالرزاق فیضی ، مولانا مفتی محمد نوید سیف ، خواجہ ظہیرالدین ، محمد اشرف ، حافظ یوسف ، نوید حسین کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔