امیدواروں کی سیکولر خدمات کو پیش نظر رکھنے کا مشورہ
کریم نگر۔/18 اپریل، ( ذریعہ فیاکس ) ’’انتخابی حالات میں علماء و عوام کا کیا کردار ہو‘‘ اس سلسلہ میں جمعیتہ علماء ضلع کریم نگر کا ایک اہم اجلاس 16اپریل بمقام مدرسہ عربیہ اشرف العلوم کریم نگر میں منعقد ہواجس میں صدر جمعیتہ مفتی محمد یونس القاسمی نے ضلع کریم نگر کے تمام اسمبلی و لوک سبھا حلقوں اور امیدواروں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہوتی ہے ایک ایک ووٹ حکومت بنانے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ پانچ سال میں ایک مرتبہ پارلیمنٹ اور اسمبلی میں اپنے نمائندے منتخب کرنا ہوتا ہے جو ہم کو اپنی پسند کی حکومت تشکیل دینے میں مدد دیتا ہے۔ اگر ہم پانچ سال میں ایک مرتبہ ایک آدھا گھنٹہ نکالنے میں کوتاہی کریں تو اس کا یہ مطلب ہوگاکہ ہم حکومت بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ عوام پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے اپنے حلقہ میں موجود تمام امیدواروں اور پارٹیوں کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ یہ امیدوار اور پارٹیاں کن نظریات کی حامل ہیں۔ ماضی میں ان کا رول کیا رہا ہ، انہوں نے عوام کی کس قدر خدمت کی ہے ۔ اگر کسی پارٹی کی تائید کی جارہی ہے تو یہ دیکھیں کہ وہ پارٹی جمہوریت اور سیکولرازم میں کس قدر یقین رکھتی ہے۔ ہندوستان کی موجودہ سیاست میں دو ہی گروپ ہیں جو حکومت تشکیل دے سکتے ہیں۔ ایک این ڈی اے اور دوسرا گروپ یو پی اے ہے ، جو امیدوار یا پارٹی این ڈی اے میں مل سکتی ہے اس سے احتیاط کرتے ہوئے بلکہ اسکو ناکام کرنے کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ اجلاس میں بااتفاق آراء یہ بھی طئے کیا گیا کہ ایک وفد منڈل اور دیہاتوں کا دورہ کرکے عوام بالخصوص اقلیتوں میں شعور بیدار کرے گا۔ اس موقع پر علماء کی کثیر تعداد کے علاوہ تمام ارکان جمعیتہ موجود تھے۔