ریاض 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اسلامی اُمور اوقاف اور رہنمائی نے ائمہ کرام اور خطیب صاحبان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جمعہ کے خطبات کو مختصر کردیں اور یہ خطبات متنازعہ عنوانات سے پاک ہوں۔ وزارت کے عہدیداروں کو مصلیوں سے شکایت ملی ہے کہ خطیب صاحبان اپنے خطبہ میں غیر ضروری لمبی تمہید اور اکثر ایک ہی خطبہ بار بار دہراتے ہیں۔ سال بھر ایک ہی عنوان پر خطبہ دیا جاتا ہے۔ کنگ عبدالعزیز سنٹر برائے قومی مذاکرات کی جانب سے کروائے گئے سروے میں پتہ چلا ہے کہ مصلیوں کی زائداز نصف تعداد خطبہ سماعت کرنے سے قاصر رہتی ہے۔ شعلہ بیان خطیب صاحبان کو پابند کردیا گیا ہے کہ وہ متنازعہ خطبہ نہ دیں۔
النصری محاذ کے ہاتھوں دو سعودی جہادیوں کا قتل
دمشق ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام میں صدر بشار الاسد کی فوج کے خلاف محاذآراء اسلامی جنگجو گروپ النصری محاذ نے دو سعودی جنگجوؤں کو ’بغاوت‘ کے جرم میں گولی مار کر ہلاک دیا ہے۔ اس ہلاکت کی ویڈیو یوٹیوب پر ہے، جس میں محاذ کا ایک جنگجو (یا قاضی) ان دونوں کو جہادیوں سے بغاوت کرکے دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کے ساتھ ملنے کے الزام میں موت کی سزا کا حکم سنا رہا ہے۔ محاذ سے وابستہ جلاد قرآن مجید کی آیات پڑھ کر سنا رہا ہے، ان سعودیوں کی جائے پیدائش اور عمروں کے بارے میں بتا رہا ہے اور پھر ان پر عائد کردہ فرد جرم پڑھتا ہے۔ یہ ویڈیو اس تمام بیان کے بعد اللہ اکبر کے نعرے پر ختم ہورہی ہے اور اس کے ساتھ دونوں سعودی جہادیوں کو گولی مار کر قتل کردیا جاتا ہے۔