جمال خشوگی کی نعش کا ہمیں پتہ نہیں : سعودی عرب

واشنگٹن 21 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے آج کہا کہ ان کا ملک نہیں جانتا کہ مہلوک صحافی جمال خشوگی کی نعش کہاں ہے حالانکہ سعودی عرب نے یہ اعتراف ضرور کیا ہے کہ سعودی قونصل خانہ استنبول میں ان کی موت واقع ہوئی تھی اور یہ ایک بہت بڑی غلطی تھی ۔ فاکس نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی قیادت کا ابتداء میں یہ ایقان تھا کہ خشوگی استنبول میںقونصل خانہ سے چلے گئے تھے جہاں انہیں آخری مرتبہ 2 اکٹوبر کو دیکھا گیا تھا ۔ تاہم جو رپورٹس ہمیں ترکی سے مل رہی تھیں ان کے مطابق سعودی عرب نے تحقیقات شروع کی تھیں جن سے پتہ چلا کہ وہ قونصل خانہ کے اندر ہلاک ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں معلوم کہ یہ سب کچھ کس طرح ہوا ہے ۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ان کی نعش کہاں ہے انہوں نے کہا کہ سعودی پبلک پراسکیوٹر نے 18 افراد کو حراست میں لینے کے احکام جاری کئے ہیں جو تحقیقات کی شروعات ہے ۔ انہوں نے اس ہلاکت کو ایک بہت بڑی غلطی قرار دیا تاہم کہا کہ سعودی ۔ امریکہ تعلقات اس پر قابو پالیں گے ۔