لاہور ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ممبئی دہشت گرد حملوں کے اصل سازشی سرغنہ حافظ سعید کی زیرقیادت ممنوعہ تنظیم جماعت الدعوہ اور ایک دوسری تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے عطیات کی وصولی پر امتناع عائد کردیا۔ یہ قدم ایک ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب امریکہ کے صدر نے نئے سال میں اپنا پہلا ٹوئیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو سخت ترین تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور یہ الزام عائد کیا کہ اربوں ڈالر مالیتی امریکی امداد کے بدلے پاکستان نے امریکہ کو جھوٹ اور دھوکے کے سواء کچھ نہیں دیا اور دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا رہا ہے۔ پاکستان کے سیکوریٹیز ایکسچینج کمیشن ممنوعہ لشکرطیبہ کے محاذ گروپ جماعت الدعوہ کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف معلنہ ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل دیگر تنظیموں کی جانب سے عطیات کی وصولی پر امتناع عائد کردیا ہے۔ ان میں پاسبان اہلحدیث اور پاسبان کشمیر میں تنظیمیں بھی شامل ہیں۔