جماعت اسلامی ‘ عام آدمی پارٹی کی تائید کریگی

جالنہ ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جماعت اسلامی ہند نے آج کہا کہ وہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی تائید کریگی تاکہ ملک میں بہتر حکمرانی رائج کی جاسکے اور کرپشن کا خاتمہ ہوسکے ۔ جماعت اسلامی کے لیڈر اسلم غازی نے دہلی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں اروند کجریوال کی پارٹی کی شاندار کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہتر علامت ہے کہ عوام کے سامنے ایک نیا متبادل ابھرا ہے ۔ وہ جماعت اسلامی ہند کی دیش کا وکاس نیا اور سدبھاؤنا کا ساتھ نامی ملک گیر مہم کے سلسلہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یہ دس روزہ مہم کل سے شروع ہوئی ہے ۔ اس دوران پارٹی عوام آدمی میں اس کے سیاسی حقوق اور ان کے حصول کی راہ سے متعلق شعور بیدار کریگی ۔ انتخابات سے قبل مارکٹنگ کے انداز میں مہم چلانے پر جماعت اسلامی نے بی جے پی اور کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے سال میں ایسا لگتا ہے کہ مزید نراج کی اور عدم شفافیت کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ ہزار ہا کروڑ روپئے کی غیر محسوب رقم سیاسی جماعتوں کی مارکٹنگ اور ان کے وزارت عظمی امیدواروں کی تشہیر پر خرچ کی جا رہی ہے ۔ یہ جمہوریت کیلئے خطرہ ہے ۔