محبوب نگر میں جلسہ سے ریاستی صدر ایم پی جے حامد محمد خاں کا خطاب
محبوب نگر ۔ 25 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علیحدہ ریاست تلنگانہ کا حصول بڑی جدوجہد سے ممکن ہوسکا۔ علیحدہ تلاگانہ تحریک پرامن اور جمہوری انداز میں جاری رکھنے میں جماعت اسلامی اور ایم پی جے نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ 60 سالہ یہ تحریک کبھی تشدد کے قریب بھی نہیں رہی جبکہ 1200 سے زائد نوجوانوں نے اپنے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، لیکن دوسروں کو قتل نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار جناب حامد محمد خاں صدر ایم پی جے و ریاستی صدر اسٹیٹ مسلم کونسل نے محبوب نگر کے الماس فنکشن ہال میں کیا۔ جماعت اسلامی شہر محبوب نگر کے زیراہتمام منعقد کردہ ’’تلنگانہ کی تعمیر نو اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کرپشن اور تعصب سے پاک ہو اور تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے 2010ء میں نظام کالج گراؤنڈ کے مسلم تلنگانہ گرجنا کا حوالہ دیا
جس میں ہزاروں برقعہ پوش خواتین کو دیکھ کر غدر نے کہا تھا کہ آج جو بہنیں اپنے گھروں سے نکل کر یہاں آئی ہیں تو تلنگانہ ضرور حاصل ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کے حصول میں 4 کروڑ عوام میں 90 لاکھ مسلمانوں کا زبردست رول رہا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ سب سے پہلے متحد ہوجائیں اور اس کے بعد اپنی زبردست طاقت کا مظاہرہ کریں۔ آئندہ پارلیمانی و اسمبلی انتخابات میں فرقہ پرست جماعتوں کی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنانا ہے۔ جلسہ کا آغاز حافظ منظور حسین کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جلسہ سے جناب ڈاکٹر عبدالمجید پروفیسر دکن میڈیکل کالج، راگھوا چاری سماجی کارکن، فاروق حسین المیوا ، ابرار علی ایس آئی او اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ جلسہ میں سیاسی قائدین اور معززین شہر شریک تھے۔ شیخ شجاعت علی ناظم ضلع محبوب نگر مشرق نے کارروائی چلائی۔ عبدالجبار امیر مقامی کے شکریہ پر جلسہ اختتام کو پہونچا۔ شرکاء میں قابل ذکر غلام غوث ریٹائرڈ لیکچرر، شیخ سیادت علی، عبدالرحمن ریٹائرڈ لیکچرر ، محمد اکبر الماس، عبدالقدیر، مجاہد صدیقی، عبدالرزاق ، عبدالعلیم، ڈاکٹر مقبول احمر، مظہر شہید، محسن خاں، جعفر شریف، خواجہ معین الدین، مرزا قدوس بیگ، عبید اللہ بیگ، محمود الحسن اور دیگر شامل تھے۔