جماعت اسلامی کی جانب سے اگادی تلگو سال نو کے گریٹنگ کارڈز کی تقسیم

نارائن پیٹ۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڑیسہ کی جانب سے گزشتہ ہر سال کی طرح اس سال بھی غیر مسلم برادران وطن میں اگادی تلگو سال نو و تہوار کے موقع پر خوبصورت و دیدہ زیب مبارکبادی ( گریٹنگ ) کارڈ کی اشاعت و تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔ جناب سلمان عبید اللہ مجاہد صدیقی ناظم ضلع جماعت اسلامی محبوب نگر( مغرب ) نے بتایا کہ ضلع کے مختلف مقامات پر جماعت کے کارکن ، برادران وطن سے راست طور پر ملاقات کرتے ہوئے انہیں اگادی گریٹنگ کارڈ پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع محبوب نگر ( مغرب ) کے اہم مقامات جن میں نارائن پیٹ ، اوٹکور، مکتھل ، گنڈمال، جاجا پور اور آتما کور شامل ہیں، جماعت کے کارکن گھر گھر پہنچ کر جن میں مقامی سیاسی، سماجی قائدین،تجار، قانون داں، اساتذہ اور پنڈت و پجاری، مذہبی رہنما شامل ہیں اگادی کی مبارکباد دیتے ہوئے گریٹنگ کارڈ پیش کررہے ہیں۔