جمائیکا ٹسٹ میں بھی انڈیا کی گرفت مضبوط

اوپنر راہول کی سنچری کی مدد سے کوہلی کی ٹیم کو پہلی اننگز میں سبقت
کنگسٹن (جمائیکا) ، یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر لوکیش راہول نے اپنے کریئر کے بہترین 158 اسکور کرنے میں کافی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ ہندوستان دوسرے دن کے کھیل میں اطمینان سے 358/5 تک پہنچ گیا ، اس طرح ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری دوسرے ٹسٹ میں بھی مہمانوں کو اچھی گرفت حاصل ہوگئی ہے۔ ویراٹ کوہلی کی ٹیم نے پہلا ٹسٹ بڑی آسانی سے جیت لیا تھا۔ گزشتہ روز کھیل کے اختتام تک انڈیا نے اپنی سبقت کو 162 رنز تک بڑھا لیا حالانکہ دن میں پھینکے گئے 88 اوورز میں صرف 232 رنز بنائے گئے۔چتیشور پجارا 46، کپتان کوہلی 44 اور روی چندرن اشوین 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ اجنکیا رہانے 42 اور اُن کے ساتھ وردھیمان ساہا 17 پر ناٹ آؤٹ واپس ہوئے۔ پجارا رن آؤٹ ہوئے اور دن کی بقیہ تین وکٹیں شانن گیبرئیل، روسٹن چیز اور دیویندر بشو کو حاصل ہوئے۔ راہول نے سمندرپار اپنی تیسری ٹسٹ سنچری درج کرائی۔ وہ ویسٹ انڈیز میں بحیثیت اوپنر کھیلتے ہوئے اپنی پہلی ہی اننگز میںسب سے زیادہ رنز بنانے والے ہندوستانی بن گئے۔ اجئے جڈیجا (97)، شکھر دھون (84) اور سنیل گواسکر (65) کو راہول نے اس معاملے میں پیچھے چھوڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دوسرے دن کے کھیل میں مثبت انداز برقرار رکھنے اور ساتھ ہی جارحانہ روش کا مظاہرہ کرنے ان کا منصوبہ کامیاب ہوا۔