کوڑنگل ۔ 6 ۔ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس انتظامی جامع مسجد کوڑنگل کے زیراہتمام گزشتہ شب میں 9 بجے بمقام جامع مسجد جناب سلطان محی الدین غوثن کی زیرنگرانی جلسہ یاد حسینؓ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا ۔ جناب محمد محمود راہی موظف محکمہ مال نے صدارت کی ۔ وحید اسیرؔ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ مسرز محمد عبدالحکیم زمیندار ، محمد عارف ، محمد ابراہیم شریف وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ قرات کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا ۔ مسرز غلام رحمان ، وحید اسیر ، محمد معراج نے بارگاہ حسینؓ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ و امام جامع مسجد حافظ و قاری مولانا محمد عبدالرشید نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جگر گوشہ رسولؐ فرزند شیر خدا و بتول حضرت سیدنا امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی اور اپنے قریب ترین عزیزوں کی جانوں کی قربانی دے کر یہ ثابت کردیا کہ باطل طاقتوں کے آگے سرجھکا نے سے سر کٹانا بہتر ہے ۔ نیز مولانا نے اپنے مخصوص انداز میں واقعات کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے سامعین کو بادیدہ نم کردیا ۔