تانڈور۔19نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانڈور میں جلسہ عظمت صحابہ و فضائل اہل بیت اطہار منعقد ہوا ۔ مولانا محمد عبدالقوی ناظم مدرسہ اشرف العلوم سعیدآباد حیدرآباد نے مخاطب کیا ۔ انہوں نے ایک حدیث کا مفہوم پیش فرمایا کہ پیارے نبیﷺ نے کہا کہ میرے صحابہ ستاروں کے مانند ہیں ۔ ان میں ایک کی بھی پیروی کروگے تو ہدایت پاؤ گے ۔ قرآن پاک میں بھی اللہ رب العزت نے اعلان کیا کہ اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے ۔ اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام سے اپنی رضامندی کا اعلان کردیا ۔ مولانا نے کہا کہ صحابہ سے محبت ہی نبیؐ سے محبت کی علامت ہے اور صحابہ سے بغض نبیؐ سے بغض کی علامت ہے ۔ صحابہ کے بارے میں اللہ سے ڈو‘ عظمت صحابہ کے عنوان پر جلسہ عام کا انعقاد الماس ایجوکیشن سوسائٹی نے کیا ۔ مفتی اظہر قاسمی سربراہ تنظیم نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ حاجی محمد طاہر قریشی چیف پیٹرن ‘ حاجی خورشید حسین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور ‘ محمد انور خان صنعت کار اور دوسروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔