جلد واپسی پر قطعی توجہ نہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے سخت محنت درکار : محمد عامر

کراچی ۔ 23 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) اسپاٹ فکسنگ کے سزا یافتہ پاکستانی پیسر محمد عامر کا کہنا ہے کہ ان کی جلد واپسی پر قطعی توجہ نہیں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے سخت محنت درکار ہے ،فی الحال ڈومیسٹک کرکٹ پر اپنی نگاہیں مرکوز کر رکھی ہیں اور پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے بارے میں سوچنا قبل از وقت ہوگا۔ محمد عامر کا کہنا ہے کہ یہ صرف اللہ ہی جانتا ہے کہ کل یا آنے والے وقت میں کیا ہوگا لیکن ان کی توجہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بجائے فی الحال ڈومیسٹک کرکٹ پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے قدم زمین پر جماتے ہوئے ان کی کوشش ہے کہ بہت دور کی نہ سوچیں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلئے انہیں ابھی کافی محنت درکار ہے اور یہ بات سوچنا قبل از وقت ہوگی کہ انہیں پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کب کرنا ہے۔