جفت۔طاق اسکیم کیلئے ووٹ بینک کی فکر نہیں ‘ کجریوال

نئی دہلی ۔3جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت جفت ۔ طاق منصوبہ کے سلسلہ میں پیشرفت جاری رکھے گی ‘ حالانکہ یہ اندیشے ہیں کہ ایسا کرنے سے پارٹی کے ووٹ بینک پر منفی اثر پڑے گا ۔ تاہم اروند کجریوال نے کہا کہ عوام نے اس پہل کی ستائش کی ہے اور اس منصوبہ کے نفاذ میں حکومت کے ساتھ تعاون کیا ہے کیونکہ اس سے ماحولیات کا تحفظ ہوتا ہے جو موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے ۔  انہوں نے ایک کتاب کی رسم اجراء کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً دیڑھ ماہ قبل جب جفت ۔ طاق منصوبہ پر غور وخوص ہورہا تھا تو اندیشے ظاہر کئے گئے تھے کہ اگر یہ اسکیم نافذ کی جائے تو دہلی کے عوام ہم سے اتنے مایوس ہوجائیں گے کہ 2017ء میں منعقد بلدی انتخابات میں پارٹی کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا لیکن یہ اسکیم اہم تھی اور ٹریفک اور آلودگی کے مسائل کی یکسوئی کی فوری ضرورت تھی ۔ کجریوال نے کہا کہ ہم ہر چیز کو ووٹ بینک کے نقطہ نظر  سے نہیں دیکھتے کیونکہ اگر ہم ہر چیز کو اسی نظریہ دیکھنے لگیں تو عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی کام انجام نہیں دے سکیں گے ۔ ہمیں ووٹ بینک کی فکر نہیں ہے ‘ ہم صفر روایتی سیاست پر توجہ مرکوز نہیں کرتے ۔ اگر ہم جفت ۔ طاق اسکیم نافذ کرنے میں ناکامی اندیشہ رکھتے تو اُسے نافذ ہی نہ کرتے ۔ چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ اس منصوبہ کی کامیابی سے ہمارے اعتماد میں مزید استحکام آیا ہے کہ اگر عوام کو ساتھ لیا جائے تو مشکل مہمات بھی سر کی جاسکتی ہیں ۔
عوامی تائید لیفٹننٹ گورنر اور مرکز سے بھی زیادہ طاقتور ہیں ۔ کجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت کا منصوبہ جفت ۔ طاق اسکیم کو یقینی بنانا ہے ۔ اسے صرف ایک نعرے کی حد تک محدود کرنا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے پیچھے کوئی ووٹ بینک سیاست نہیں ہے اور نہ اس کا مقصد صرف ایک اور نعرہ کو مقبولیت عطا کرنا ہے بلکہ اس کا مقصد آلودگی سے پاک دہلی شہر بنانا ہے ۔ یہ منصوبہ انتہائی احتیاط سے تیار کیا گیا ہے اور درست وقت پر اس کا نفاذ عمل میں لایا گیا ۔ عوام نے پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر اور سماج کے تمام طبقات کی جانب سے اس کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نفاذ کیلئے دو طریقے تھے ‘ ہم قانون نافذ کرسکتے تھے یا پھر اس کی خلاف ورزی کرنے والی ہر گاڑی کو چالان کرسکتے تھے ۔ یہ بے شک عملی حل نہیں تھا ‘ ہمیں عوام کا شعور بیدار کرنا تھا اور انہیں اپنے ساتھ لینا تھا تاکہ عوام اس پر اپنی خوشی سے عمل کریں ۔ حکومت دہلی کی طاق ۔ جفت گاڑیوں پر تحدیدات کی پالیسی یکم جنوری سے نافذ العمل ہوچکی ہے ۔ ہزاروں رضاکار ٹریفک پولیس کی مدد کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں۔ یہ اسکیم 15 جنوری تک جاری رہے گی ۔ 25 زمروں کو اس اسکیم سے استثنی دیا گیا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت جو خانگی گاڑیاں طاق اعداد کی رجسٹریشن پلیٹ رکھتی ہوں انہیںطاق تواریخ میں سڑکوں پر چلانے کی اجازت دی جائے گی ۔ خلاف ورزی کی صورت میں 2000روپئے جرمانہ کیا جاسکتا ہے ۔ پہلے دو دن اس اسکیم کو آزمائشی طور پر نافذ کیا گیا تھا ۔ 479 افراد کا چالان کیا گیا ‘ یہ سڑک پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کا تجربہ تھا جو کامیاب رہا ۔