جعلی کرنسی کی تیاری کا ریاکٹ بے نقاب

8 افراد گرفتار، رچہ کنڈہ پولیس اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) جعلی کرنسی تیار کرنے کے الزام میں رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے 8 افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے لاکھوں روپئے کے نقلی نوٹ برآمد کرلئے۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت نے بتایا کہ 10 رکنی دھوکے بازوں کی ٹولی نے منصوبہ بند طریقہ سے 2 ہزار اور 500 کے جعلی نوٹ تیار کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ ضلع عادل آباد کا پی راجیش ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں روشن محبوب شیخ متوطن چتور آندھراپردیش کی مدد سے کلر پرنٹر اور اسکرین پرنٹنگ مشین حاصل کی جس کے ذریعہ جعلی نوٹ تیار کرنے لگے اور اُس پر مہاتما گاندھی کا واٹر مارک بھی چسپاں کیا کرتے تھے تاکہ نقلی نوٹ کا شبہ نہ ہوسکے۔ مسٹر بھاگوت نے کہاکہ اِس بات کی اطلاع ملنے پر اسپیشل آپریشن ٹیم نے راجیش کے پلاٹ واقع ڈاکٹرس کالونی سرور نگر جو ایل بی نگر پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے پر دھاوا کیا اور وہاں سے 31 لاکھ سے زائد جعلی نوٹ برآمد کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ راجیش کو سابق میں کوکٹ پلی پولیس نے جعلی تعلیمی سرٹیفکٹس تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ راجیش نے ملک پیٹ کے ساکن محمد بابا اور محمد شکیل کو جو پیشہ سے قصائی بتائے گئے ہیں، 90 ہزار اصلی نوٹوں کے عوض 3 لاکھ روپئے مالیتی جعلی نوٹ حوالے کئے تاکہ جعلی کرنسی کو علاقہ ابراہیم پٹنم، چوٹ اُپل، شادنگر اور نلگنڈہ کے مویشی مارکٹ میں استعمال کیا جاسکے۔ اسی طرح بابا اور شکیل نے دوبارہ لاکھوں روپئے کی جعلی کرنسی حاصل کی اور اُسے مارکٹ میں چلانے کی کوشش کی۔ پولیس نے اِس کارروائی میں مشرقی گوداوری کے درگا پرساد، پی دھرانی، کے سرینواس اور سرینواس چندرشیکھر کو گرفتار کیا ہے۔