حیدرآباد۔/24مارچ، ( سیاست نیوز) شہر میں جعلی کرنسی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے پانچ افراد بشمول مغربی بنگال کے متوطن ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں جعلی کرنسی نوٹ برآمد کرلئے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایاکہ 22سالہ محمد اسمعیل جو پیشہ سے ٹیلر ہے اس کا تعلق مغربی بنگال سے ہے، وہ چھ سال قبل ضلع رنگاریڈی کے مہیشورم روزگار کی تلاش میں اپنے بھائی محمد رستم کے ہمراہ یہاں منتقل ہوا تھا اور وہ مزدوری اور درزی کا کام کرنے لگا۔ اسمعیل نے حیدرآباد سے آدھار کارڈ بھی حاصل کیا اور وہ چندرائن گٹہ میں مقیم تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ ماہ قبل اپنے آبائی مقام کے سفر کے دوران ٹرین میں اسمعیل کی ملاقات مغربی بنگال کے پیارا محمد عرف پپو سے ہوئی جو جعلی کرنسی کا کاروبار کرتا ہے۔ پیارا محمد نے 45ہزار روپئے اصلی کرنسی نوٹ کے بدل ایک لاکھ روپئے کے جعلی کرنسی نوٹ دینے کا وعدہ کیا اور اسمعیل تنگدستی کے سبب اس کاروبار میں ملوث ہوگیا۔ دو ماہ قبل محمد نے اسمعیل کو 5 لاکھ روپئے کے جعلی کرنسی نوٹ حوالے کئے۔ اسمعیل جعلی کرنسی نوٹس کا استعمال اکثر پٹرول پمپس اور دیگر تجارتی اداروں میں کیا کرتا تھا اور ایک لاکھ جعلی کرنسی نوٹ پر وہ 3ہزار روپئے آسانی سے کما رہا تھا۔ اسمعیل نے شیخ اعظم، محمد عرفان، محمد حنیف اور غلام رسول کو کیشو گیری چندرائن گٹہ میں واقع ڈیسنٹ کیفے پر طلب کرکے انہیں جعلی کرنسی نوٹ حوالے کررہا تھا کہ ٹاسک فورس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر انہیں فوری گرفتار کرلیا گیا۔ ٹاسک فورس نے گرفتار شدہ افراد کے قبضہ سے 4لاکھ 68ہزار کے جعلی کرنسی نوٹ، ایک موٹر سیکل، پانچ موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں چندرائن گٹہ پولیس کے حوالے کردیا۔