جعلی کرنسی کا روبار میں ملوث شخص گرفتار

4 لاکھ کے نقلی نوٹس برآمد ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /7 اگست (سیاست نیوز) جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 4 لاکھ کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد کرلئے ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹھی ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 34 سالہ گڈم لنگا ریڈی متوطن خانہ پور ضلع عادل آباد نے مغربی بنگال کے علاقہ سمسول فراکھا سے 4 لاکھ کے جعلی کرنسی 500 کے نوٹس حاصل کئے اور بعد ازاں انہیں مٹھائی کے ڈبوں میں چھپاکر حیدرآباد منتقل کیا تھا کہ اسے ٹاسک فورس نے سکندرآباد علاقہ میں گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ لنگاریڈی سابق میں بھی اسی قسم کے واقعات میں ملوث ہے ۔ جاریہ سال جنوری میں لنگاریڈی نے اپنے ایک دوست پی انوپ کے ہمراہ مغربی بنگال پہونچ کر دو لاکھ 75 ہزار کی جعلی کرنسی سکندرآباد منتقل کی تھی کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد لنگاریڈی تنگدستی کا شکار تھا اور اس نے اکیلے جعلی کرنسی کے کاروبار کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں بنگلہ دیش کے سرحدی علاقے مغربی بنگال کے سمسول فراکھا پہونچ کر بھاری جعلی کرنسی حاصل کی اور جوبلی بس اسٹیشن سکندرآباد پہونچا تھا کہ اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار شخص کو ضبط شدہ جعلی کرنسی کے ساتھ ماریڈپلی پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔