جعلی کرنسی نوٹ کا کاروبار ، 3 رکنی ٹولی گرفتار

آسانی سے روپیہ کمانے کی لالچ گورنمنٹ ٹیچر بھی ملوث
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے جعلی کرنسی نوٹ کے کاروبار میں ملوث تین رکنی ٹولی بشمول گورنمنٹ ٹیچر کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جعلی نوٹ برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر بی لمبا ریڈی نے بتایا کہ 34 سالہ وی شنکر متوطن مومن پیٹ وقار آباد جو پیشہ سے گورنمنٹ ٹیچر ہے آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے اپنے دو ساتھیوں میگھاوٹ پرکاش اور وی چندر کی مدد سے مالڈا مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ولی اللہ عرف غیاث الدین سے جعلی کرنسی نوٹس حاصل کئے ۔ شنکر نے مالڈا کے ایک ایجنٹ سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اسے 5 لاکھ جعلی کرنسی نوٹس فراہم کرنے کیلئے کہا جس پر ایجنٹ نے 2 لاکھ روپئے اصلی کرنسی کا مطالبہ کیا ۔ ملزم نے اس معاہدہ کو قبول کرتے ہوئے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر 4.5 لاکھ روپئے حاصل کئے جس کے عوض اس نے دو لاکھ روپئے حوالے کئے ۔ حیدرآباد میں جعلی کرنسی نوٹس کے کاروبار میں دشواریوں کے اندیشے سے اس کاروبار کو سنگاریڈی اور کرناٹک میں کرنے کا  منصوبہ تیار کیا ہے ۔ ملزمین ریتی فائل بس اسٹاپ سکندرآباد پر جعلی کرنسی نوٹس کے ہمراہ روانہ ہونے والے تھے کہ ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 4.5 لاکھ جعلی کرنسی نوٹس برآمد کرلئے ۔ گرفتار ملزمین کو مہانکالی پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا ۔