جعلی کرنسی ریاکٹ ملوث 15ملزمین کو سزاء

این آئی اے کی تحقیقات کے بعد خصوصی عدالت میں فیصلہ
حیدرآباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے فرسٹ ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشنس و این آئی اے خصوصی عدالت کے جج نے آج مغربی بنگال کے جعلی کرنسی ریاکٹ میں ملوث 15ملـزمین کو قصور وار قرار دیا اور انہیں پانچ سال کی سزا و نقد رقم کا جرمانہ عائد کیا۔ذرائع نے بتایا کہ 3جنوری سال 2012ء میں مغربی بنگال کے ضلع مالڈا سے تعلق رکھنے والے مورجن حسین، اتر پردیش کے محمد حسین، جھار کھنڈ کے ببلو شیخ اور ضلع میدک کے محمد رقیب شیخ کو جعلی ہندوستانی کرنسی کی کے کاروبار میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ این آئی اے نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے31,57,200 روپئے ضبط کیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین 1000اور 500 کے جعلی کرنسی نوٹ نئی دہلی، مغربی بنگال، اترپردیش، ٹاملناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاستوں میں گشت کرارہے تھے۔ اس کیس میں این آئی اے نے 25ملزمین کو جن کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے گرفتار کیا ور تحقیقات کے دوران یہ پتہ لگایا کہ ان کے روابط بنگلہ دیش و پاکستان سے ہیں۔ این آئی اے نے 25ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی جن میں 15ملزمین کو قصوروار پائے جبکہ 9کو بری کردیا گیا اور ہنوز ایک کم عمر ملزم کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔