حیدرآباد 8جون (سیاست نیوز) جعلی یونیورسٹی کے تعلیمی سرٹیفکیٹس فروخت کرنے میں ملوث دو افراد کو ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس مسٹر بی لمبا ریڈی نے بتایا کہ 31 سالہ مرزا اکرم بیگ متوطن کرناٹک جو ٹولی چوکی میں واقع جعلی یونیورسٹی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اینڈ انجینئرنگ اسٹیڈیز کا انچارج ہے اور وہ اپنے ساتھی 28 سالہ رضوان وقار جو مذکورہ یونیورسٹی کا برانچ منیجر ہے خلیج ممالک ملازمت کیلئے جانے والے خواہش مند افراد کو اس یونیورسٹی کے سرٹیفکیٹس 30 تا 75 ہزار میں فروخت کررہے تھے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مرزا اکرم بیگ گلبرگہ میں بھی مذکورہ یونیورسٹی چلا رہا ہے اور یہاں پر اپنے قریبی رشتہ دار رضوان وقار کی مدد سے ڈگری اور دیگر امتحانات میں ناکام نوجوانوں کے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہیں بذریعہ فون ربط پیدا کر کے ڈپلوما اور انجینئرنگ کے کورسیس کے ذریعہ سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کا جھانسہ دے رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک سینکڑوں افراد کے مرزا اکرم بیگ نے کئی سرٹیفکیٹ فراہم ہیں ۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی ) کے تحت درج شدہ یونیورسٹی کی ڈگریاں کارکرد ہوتی ہے ۔ ٹاسک فورس نے ٹولی چوکی میں چلائے جارہے جعلی یونیورسٹی پر دھاوا کرتے ہوئے 350نقلی تعلیمی سرٹیفکیٹس ‘12 اسٹامپس‘ ایک کمپیوٹر ‘ دو لیاب ٹاپس ‘اسکیانر ‘ پرنٹر اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار افراد کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ لنگر حوض پولیس کے حوالہ کردیا ۔