جعلی ویزے اور ایمیگریشن میں ملوث دو افراد گرفتار

حیدرآباد۔24۔نومبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے جعلی ویزے اور ایمیگریشن انٹری میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتاہے کہ 27 سالہ سید اسداللہ ساکن دھوبی گلی عنبرپیٹ ایچ ایس بی سی کا ملازم اپنے ساتھی 35 سالہ سید عمران ساکن یاقوت پورہ پیشہ سے گرافک ڈیزائینر ہے اور وہ کوثر پرنٹنگ پریس ایجنسی کا مبینہ ملازم ہے۔ اسداللہ ڈگری کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سال 2008 ء میں اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ گیا تھا اور اس نے آکسفورڈ کالج سے ایم ایس سی انفارمیشن ٹکنالوجی کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم مکمل ہونے کے بعد سال 2010 ستمبر میں حیدرآباد لوٹ آیا اور وہ ملک پیٹ میں واقع ایک کال سنٹر میں ملازمت کرنے لگا۔ بعد ازاں 2012 ء میں وہ ویزٹ ویزا پر سنگاپور گیا تھا اور یہاں پر اس نے ایمیگریشن کی انٹری اور اگزٹ سے متعلق معلومات حاصل کی ۔ بعد ازاں وہ ایچ ایس بی سی میں بھی ملازمت کی لیکن طویل عرصہ تک ملازمت میں عدم دلچسپی کے سبب اس نے اپنے ساتھی سید عمران سے رابطہ قائم کیا اور ان دونوں نے پرانے پاسپورٹ کاپیز کے ذریعہ نقلی ویزا تیار کرنے کا مبینہ طور پر منصوبہ تیار کیا ۔ اس سلسلہ میں دونوں نے مختلف ممالک بشمول کینیڈا ، ساؤتھ افریقہ اور تنزانیہ کے نقلی ویزے مبینہ طور پر تیار کئے۔ اور سافٹ ویر کی مدد سے مختلف ممالک کے ویزا کے نمونے بھی حاصل کرنے کے بعد شمس آباد ایرپورٹ اور کیپ ٹاؤن کینیڈا ایمیگریشن کے جعلی ربر اسٹامپ تیار کئے۔ ٹاسک فورس پولیس نے دونوں افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے نقلی ویزے، ربر اسٹامپس ، کمپیوٹر، کلر پرنٹر اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں میر چوک پولیس کے حوالے کردیا۔