جعلی میان پاور کنسلٹنسی چلانے والے دو افراد گرفتار

حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) چادرگھاٹ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا جو جعلی میان پاور کنسلٹنسی چلارہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ 44 سالہ خواجہ سلیم الدین ساکن اولڈ ملک پیٹ اپنے ساتھی 36 سالہ ایم سریش متوطن وجئے واڑہ عوام کو بیرونی ممالک کا ویزا فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے انھیں ٹھگنے کا منصوبہ تیار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد کی دوستی سال 2004 ء میں ہوئی اور دونوں نے ساگوان کی لکڑی کا کاروبار شروع کیا لیکن کاروبار میں نقصان کے باعث ویزا فراہم کرنے کے بہانے عوام کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا جس کے تحت ان افراد نے سکندرآباد میں واقع ایورسٹ ریزیڈنسی لاج میں دفتر قائم کیا۔ وہاں سے یہ غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاب ویزا کے لئے رجوع ہونے والے شخص سے ویزا فراہم کرنے کے بہانے لاکھوں روپئے وصول کیا کرتے تھے۔ مذکورہ افراد نے کینیڈا اور دیگر ممالک کا ویزا فراہم کرنے کے بہانے 4 امیدواروں سے 2 لاکھ 40 ہزار روپئے وصول کئے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ سلیم الدین اور سریش بغیر کنسلٹنسی لائسنس یہ کاروبار چلارہے تھے۔ پولیس نے انھیں گرفتار کرلیا ہے۔