جعلی دستاویزات کے ذریعہ دھوکہ دہی

اوقافی جائیدادوں کو اپنے نام منتقل کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ

نظام آباد :12؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایڑپلی پولیس نے جعلی دستاویزات تیار کرتے ہوئے قیمتی اوقافی جائیداد کو اپنے نام پر منتقل کرانے والے مرزا افسر بیگ کے خلاف دھوکہ دہی ‘ جعل سازی‘ اوقافی جائیداد کو ہڑپ کرنے اور جعلی دستاویزات بنانے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے 10 ستمبر 2018ء کو اسٹیشن ہاوز آفیسر ایڑپلی پولیس کو ایک تفصیلی شکایت پر مبنی مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ درگاہ ظہیر علی شاہؒ عرف طاہر علی ؒ جانکم پیٹ کے تحت سروے نمبر 87,617,627,205,442,558کے تحت جملہ ساڑھے پانچ ایکڑ قیمتی اراضیات اوقافی ہیں جس کا آندھراپردیش گزٹ میں بحوالہ جائیداد 2259103010/2002 کے ضمنی فہرست اوقافی جائیداد کے تحت اندراج موجود ہے۔ پولیس نے اس پورے معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے دوخواتین اور مرزا افسر بیگ کے خلاف دفعات 420, 408, 468, 471, 52/A کے تحت ایف آئی آر درج کیا ہے۔ پولیس نے بتایاکہ مرزا افسر بیگ مفرور ہے جس کی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق اس جعل ساز کو بہت جلد ہی پولیس کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔ اس واقعہ کے عبد اوقافی جائیدادوں کے صیانت و تحفظ کرنے والے جہدکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس قیمتی اراضی کی بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس اراضی کا فوری قبضہ حاصل کرلیں اور سب رجسٹرار بودھن کو بھی ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان دستاویزات کو جعلی قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔