جعلی دستاویزات پر قرض حاصل کرنے والے دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) بینک آف مہاراشٹرا کو کاروبار کے نام پر دھوکہ دینے اور جعلی دستاویزات کے ذریعہ کروڑہا روپئے کا بینک قرض حاصل کرنے والے دو دھوکہ بازوں کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بینک آف مہاراشٹرا کے منیجر رادھے شیام بنسل نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ انا ایکو لاجسٹکس پرائیوٹ لمیٹیڈ واقع بیگم پیٹ کے ڈائرکٹر گپتا سریکر اور وائی وینکٹیش نے سنیٹری نیپکنس کا کاروبار شروع کرنے کے لئے 2 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا اور اُس کے عوض 500 مربع گز کی اراضی واقع بی کے گوڑہ ایس آر نگر کو رہن رکھ دیا۔ مذکورہ کمپنی کے ڈائرکٹرس نے فرضی کمپنیوں کی بنیاد پر قرض حاصل کیا اور ایسی اراضی کے کاغذات تیار کئے جس کا وجود ہی نہیں تھا۔ پولیس نے بتایا کہ انا ایکو لاجسٹکس کے ڈائرکٹرس نے بینک سے حاصل کردہ 2 کروڑ کی رقم کو اپنی نجی کمپنیوں میں منتقل کردیا اور رقم ہڑپنے کی کوشش کی۔ سی سی ایس پولیس نے اُنھیں گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔