حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس تیار کرنے والے دو افراد بشمول ایک طالب علم کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں جعلی سرٹیفکیٹس، ربر اسٹامپس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ پولیس کے بموجب 22 سالہ ایم رگھو جو طالب علم ہے اور اس کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے، وہ اپنے ساتھی 24 سالہ ٹی ناگا انٹرنیٹ کیفے کا مالک ہے، دونوں اصلی تعلیمی سرٹیفکیٹس کی اسکیاننگ کے ذریعہ جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس فوٹوشاپ سافٹ ویر میں تیار کرتے ہوئے اسے خواہشمند گاہکوں کو فروخت کررہے تھے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر اسپیشل آفیسر ٹیم نے عبداللہ پورمیٹ علاقہ میں واقع ایک انٹرنیٹ سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے رگھو اور ناگا کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس اور 6 ہزار نقد رقم برآمد کرلی۔
عمارت منہدم کرنے کے دوران مزدور ہلاک
حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) عمارت منہدم کرنے کے دوران جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور ہلاک ہوگیا ۔ گولکنڈہ پولیس کے بموجب 25 سالہ مظفر جو پیشہ سے مزدور تھا اور اس کا تعلق جھارکھنڈ سے ہے وہ آج صبح علاقہ ٹولی چوکی کے آدتیہ نگر کالونی میں ایک مکان کو منہدم کرنے کے کام میں مصروف تھا کہ اچانک دیوار منہدم ہوگئی اور اس کے سر پر جاگری ۔ اس حادثہ میں مظفر شدید زخمی ہوگیا تھا اور ساتھی مزدوروں نے اسے مقامی دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں کوکٹ پلی علاقہ میں زیرتعمیر مکان کی دوسری منزل سے گر کر ایک مزدور ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ دلکیشور جو پیشہ سے سینٹرنگ مزدور تھا ، زیرتعمیر عمارت کی دوسری منزل سے گرکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کوکٹ پلی نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ۔