حیدرآباد ۔ /4 مارچ (سیاست نیوز) جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس کی تیاری اور اس کے فروخت میں ملوث تین رکنی ٹولی بشمول کالج پرنسپل کو کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر ایم کوٹی ریڈی نے بتایا کہ 30 سالہ گڈم وینو گوپال ساکن پارسی گٹہ سکندرآباد سابق میں میڈیکل ریپریزنٹیٹیو کی حیثیت سے کام کرچکا ہے اور وہ پرتعش زندگی گزارنے کیلئے آمدنی ناکافی تھی جس کے سبب اس نے ملازمت ترک کرکے کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ میں ایک ڈپلوما کورس کیا اور بعد ازاں جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس تیار کرنے لگا ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے بتایا کہ وینو گوپال جعلی سرٹیفکیٹس کو مالاوت موہن متوطن ضلع نظام آباد کو فراہم کیا کرتا تھا جو کریسنٹ جونیر کالج عابڈس کے پرنسپل محمد مظہر خان کے حوالے کیا کرتا تھا ۔ بیروزگار سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کو جعلی سرٹیفکیٹس فروخت کرنے کی اطلاع پر تینوں ملزمین کو ٹاسک فورس نے مشیرآباد پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے عثمانیہ ، ناگرجنا ، آچاریہ ناگرجنا ، راجستھان کے پلانی اور دیگر کئی یونیورسٹیز کے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس ضبط کرلئے ۔ اس کے علاوہ ایس ایس سی اور سی بی ایس سی کے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس بھی ضبط کئے گئے اور ان کی تیاری میں استعمال کئے جانے والے لیپ ٹاپ ، کلر پرنٹر ، جعلی اسٹامپس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔