بنگلور ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر سی کے جعفر شریف نے آج پارٹی سے استعفیٰ دیدیا اور چھ دہوں سے جاری تعلق ختم کرلیا ہے۔ وہ لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے پر برہم تھے۔ جعفر شریف نے جو عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ میں ہیں، فون پر پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہوں نے اپنا مکتوب استعفیٰ صدر پارٹی سونیا گاندھی کو فیکس کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ 83 سالہ جعفر شریف 7 مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ وہ اس بار بھی بنگلور سنٹرل سے ٹکٹ کے خواہاں تھے لیکن پارٹی نے یوتھ کانگریس صدر رضوان ارشد کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جنتا دل ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ؟ جعفر شریف نے کہا کہ وہ کسی ایک پارٹی سے وابستہ رہتے ہوئے محدود دائرہ کار میں کام کرنا نہیں چاہتے۔ تاہم وہ سیکولر جماعتوں کیلئے کام کرنے تیار ہیں۔