2500 مقدمات کا اندراج ، موٹر گاڑیاں ضبط ، ٹی وی اینکر بھی ملزمین میں شامل
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) جشن سال نو کے دوران حیدرآباد اور دیگر دو کمشنریٹ حدود میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 2500 مقدمات درج کئے گئے ۔ شہر حیدرآباد میں ٹریفک پولیس نے محکمہ آبکاری کے عہدیداروں کی مدد سے 100 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی اور جگہ جگہ پر گاڑیوں کے ڈرائیورس کی بریتھ انیلائزر کے ذریعہ چانچ کی گئی جس میں 1683افراد کو حالت نشہ میں پایا گیا جس میں مشہور تلگو ٹی وی اینکر ایم پردیب بھی شامل ہیں ۔ اسی طرح سائبرآباد میں 182 اور رچہ کنڈہ میں 234 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے 1477 گاڑیاں بشمول بائیکس ، کارس اور خانگی بسیں ضبط کرلی ۔ حالت نشہ میں پائے جانے والوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس نے ان کی کونسلنگ کیلئے ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ طلب کیا ہے اور بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں سزا یقینی ہے ۔ شہر کے پاش علاقوں بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز میں 900 مقدمات درج کئے گئے تھے چونکہ ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیموں نے سڑکوں پر ناکابندی کرتے ہوئے ہر گاڑی ڈرائیور کی جانچ کی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے 31 ڈسمبر کی شب 22,540 گاڑیوں کی تلاشی لی گئی جس میں نشہ میں گاڑی چلانے والوں کا پتہ لگایا گیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال جشن سال نو کے دوران 102 سڑک حادثات پیش آئے تھے جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ جاریہ سال پولیس کے موثر اقدامات اور سخت کارروائی کے نتیجہ میں کوئی المناک سڑک حادثہ پیش نہیں آیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جوبلی ہلز علاقہ میں نشہ میں گاڑی چلانے والے تلگو ٹی وی اینکر پردیپ کا برتھ انیلائزر ٹسٹ کیا گیا جس میں 178 ملی گرام شراب خون میں موجود ہونے کا پتہ لگایا ہے ۔ اس ٹی وی اینکر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کونسلنگ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت جاری کی ہے ۔