جشن تلنگانہ میں شہیدوں کے لواحقین نظرانداز

نظام آباد:11؍ جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ جے اے سی صدر گوپال شرما، جے اے سی قائدین ڈاکٹر باپو ریڈی، پربھاکر و دیگر نے ٹی این جی اوز بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی یوم تاسیس کی تقریب میں ضلع کے شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو نظر انداز کرنے پر ضلع کلکٹر کے رویہ پر شدید ناراضگی ظاہر کی گوپال شرما اور دیگر جے اے سی قائدین نے شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کے ساتھ منعقدہ پریس کانفرنس میں تلنگانہ کے حصول کیلئے جاری تحریک میں ضلع کے شہیدان تلنگانہ اور جے اے سی نے اہم رول ادا کیا تھا اور شہیدان تلنگانہ کی خدمات کا اعتراف کرنا تقریب میں ناگزیر تھا لیکن ضلع کلکٹر اور حکومت نے شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو نظر انداز کردیا اور تلنگانہ کی یوم تاسیس کی تقریب برائے نام منعقد کرتے ہوئے ضلع کے اراکین اسمبلی اور جے اے سی کو نظر انداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے جلسہ میں شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کے شہید بچوں کی یاد میں غم زدہ ہورہے تھے انہیں دلاسہ دینا بھی مناسب نہیں سمجھااور نہ ہی اسٹیج پر مدعو کیا۔ ضلع کلکٹر فوری معذورت خواہی کا مطالبہ کرتے ہوئے جے اے سی نے ضلع کلکٹر کو ہٹانے کیلئے ضلع کے وزیر پوچارام سرینواس ریڈی، رکن پارلیمنٹ کویتاسے نمائندگی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب میں ضلع کے اراکین اسمبلی اور جے اے سی کو مدعو نہ کرنے پر بھی زبردست احتجاج کیا اور کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی خدمات کا اعتراف حکومتی سطح پر کیا جارہا ہے وہیں ضلع کلکٹر کی جانب سے نظر انداز کرنا سرا سر غلط ہے۔